مصر کی حکومت نے اپوزیشن رہنما ہشام قاسم کو ایک سابق وزیر کی ہتک عزت کے جرم میں 6 ماہ کی نئی قید کی سزا سنادی۔
اپوزیشن رہنما اور سابق صدارتی امیدوار ہشام قاسم کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل کو ایک سابق وزیر کی ہتک عزت کے جرم میں 6 ماہ قید کی نئی سزا سنائی گئی ہے۔
ہشام قاسم کو فروری 2024 میں 6 ماہ کی سزا مکمل کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا تھا، تاہم سزا کے باعث وہ دسمبر 2023 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے عملاً محروم ہو گئے تھے۔
ہشام قاسم کے وکیل ناصر امین نے بتایا کہ نئی سزا ان کے موکل کی غیر حاضری میں سنائی گئی کیونکہ ہشام قاسم ملک سے باہر ہیں۔
ناصر امین نے کہا کہ ہشام قاسم کو ان کے خلاف نئے الزامات کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے ستمبر 2023 میں ہشام قاسم کے اصل مقدمے کو ’سیاسی محرکات پر مبنی‘ قرار دیا تھا۔