امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے مائیکرو سوفٹ اور اوپن اے آئی پر کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی تیاری کے دوران معیاری اور کارگر چیٹ بوٹ بنانے کی خاطر اخبار کے لاکھوں مضامین، فیچرز، انٹرویوز، خصوصی رپورٹس، سیاسی و معاشرتی تجزیوں اور نیوز آئٹمز کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا۔
مین ہیٹن فیڈرل کورٹ میں دائر کیے گئے مقدمے میں اخبار کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مائیکرو سوفٹ اور اوپن اے آئی نے غیر قانونی طور پر جو مواد استعمال کیا ہے اس سے ادارے کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جس کا معاوضہ دیا جانا چاہیے۔
مقدمے کے متن کے مطابق نیو یارک ٹائمز نے اپنی ساکھ مضبوط بنانے کے لیے عشروں کے دوران جو غیر معمولی سرمایہ کاری کی ہے اور جو محنت کی گئی ہے اس سے مفت فوائد بٹورے جارہے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر کام کرنے والے پلیٹ فارمز کے خلاف مختلف ماڈلز کی تیاری کے لیے مواد کے غیر قانونی استعمال کا یہ سب سے بڑا مقدمہ ہے۔ مائیکروسوفٹ پر حال ہی میں 6 بڑے مصنفین نے بھی اپنی تخلیقات سے غیر قانونی طور پر فائدہ اٹھانے کا مقدہ دائر کیا ہے۔