جمعرات کو صدر ولادیمیر پوٹن نے دوسری عالمی جنگ میں نازی جرمنی کے خلاف اس وقت کی سوویت یونین کی کامیابی کی یاد منانے کے موقعے پر ایک بار پھر مغربی ممالک کو کسی ممکنہ تصادم کے بارے میں دھمکی دی ہے۔
ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں دوسری عالمی جنگ کی فتح کی یاد میں ہونے والی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن کا کہنا تھا کہ ہم مغرب کے ارادوں سے واقف ہیں اور روس کسی عالمی تصادم کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایک عالمی تنازع کو ہوا دے رہے ہیں
انھوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو دنیا کی سب سے بڑی جوہری طاقت روس کو دھمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا: ’’تاہم اس کے ساتھ ہی ہم کسی کو ہمیں دھمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہماری افواج ہر دم جنگ کے لیے تیار رہتی ہیں۔‘‘