Friday, November 22, 2024, 12:14 AM
**جیوری نے ٹرمپ کو تمام 34 جرائم میں قصور وار قرار دے دیا **سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی‘ کیس میں جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے **فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیا **جج متعصبانہ رویہ رکھتے تھے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 34 الزامات کا سامنا تھا
بریکنگ نیوز
Home » میری ذاتی رائے میں مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے، معطل نہیں ہوا: جسٹس اطہر من اللہ

میری ذاتی رائے میں مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے، معطل نہیں ہوا: جسٹس اطہر من اللہ

سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف مرحوم کی سزا سے متعلق اپیلوں پر ان کے وکیل کو اہلخانہ سے ہدایات لینے کی مہلت دے دی۔

by NWMNewsDesk
0 comment

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف محروم کی سزا سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق صدر کی طرف سے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے۔

دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سلمان صفدر سے کہا آپ کو پرویز مشرف نے خود وکیل مقررکیا تھا، چاہیں تواپیل کی پیروی کرسکتے ہیں اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے ہدایات نہیں، اگر مزید ایک ہفتہ دے دیں تو میں اہلخانہ سے رابطےکی کوشش کروں گا۔

جسٹس قاضی فائز نے مکالمہ کیا کہ یہ کوئی سول کیس نہیں کہ آپ کو ہدایات درکار ہوں، یہ کرمنل اپیل ہے جس کے عدم پیروی پرخارج ہونے سے منفی تاثر جائےگا، اس عدالت نے اب وقت دینا چھوڑ دیا ہے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں پرویز مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے، معطل نہیں ہوا، پرویز مشرف کے خلاف فیصلے کی صورت میں ان کی پنشنز اور مراعات کا معاملہ اٹھے گا۔

banner

چیف جسٹس قاضی فائز نے سلمان صفدر سے کہا کہ عدالت کی سزا ختم ہونے والے معاملے پرمعاونت کریں، کیا خصوصی عدالت پر ضابطہ فوجداری کا اطلاق ہوتا ہے؟

چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ امید ہے آپ مائنڈ نہیں کریں گے لیکن ہمیں آپ سے یہ توقع نہیں تھی، اگرآپ دستیاب نہیں تھے تو التوا کی درخواست دے دیتے، 4 سال بعد اپیل لگی تو آپ التو مانگ رہے ہیں، اس پر وکیل پرویز مشرف نے کہا مجھے صرف ایک ہفتے کی مہلت چاہیے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ آئندہ سماعت پرپرویزمشرف کے ورثا خود پیش ہوں یا بیان حلفی جمع کروائیں۔

عدالت نے سلمان صفدرکو پرویز مشرف کے ورثا کے ایڈریس اورفون نمبر دینے کی ہدایت کی اس پر سلمان صدر نے بتایا کہ مشرف کی بیوہ صہبا مشرف اور بیٹا بلال مشرف دبئی میں مقیم ہیں، ان کی صاحبزادی کراچی میں مقیم ہے، ان سے کوئی رابطہ نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت کو دیگر فیملی ممبران سے صاحبزادی کا ایڈریس اور فون نمبرلےکردیا جائے، عدالت پرویز مشرف کے ورثا کو واٹس ایپ پر بھی نوٹس بھجوا دے گی، آپ التوا پر زور دے رہے ہیں تو ہم ملتوی کردیں گے لیکن ہم یہ التوا خوشی سے نہیں دیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے سلمان صفدرکو پرویزمشرف کے اہلخانہ سے ہدایات لینے کیلئے مہلت دے دی۔

مزید پڑھیے

مضامین

بلاگز

 جملہ حقوق محفوظ ہیں   News World Media. © 2024