بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سورج آگ برسارہا ہے جہاں درجہ حرارت 53 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔
نئی دہلی میں پچھلے 2 ہفتوں سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت اب 52.9 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔
بدھ کی دوپہر نئی دہلی میں ریکارڈ کیا جانے والا درجۂ حرارت 52.9 ڈگری تھا جو کہ اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجۂ حرارت ہے۔
نئی دہلی میں شدید ہیٹ ویو کے نتیجے میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے
ریاست بہار سے تعلق رکھنے والا شخص ہیٹ ویو کے باعث دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں انتقال کرگیا۔
ڈاکٹرز کا بتانا ہےکہ شہری جس گھر میں رہتا تھا وہاں نا کوئی کولر تھا اور نا پنکھا جب کہ شہری کو شدید بخار تھا اور اس کے جسم کا درجہ حرارت 107 ڈگری تک چلا گیا تھا۔
شدید گرمی میں تعلیمی اداروں میں بچوں کے بے ہوش ہونے یا ان کی حالت خراب ہونے کی رپورٹس بھی موصول ہوئی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے بدھ کو بتایا کہ نئی دہلی کے علاقے منگیش پور میں درجۂ حرارت 52.9 ریکارڈ کیا گیا جہاں شدید گرمی کے سبب دکانیں بند رہیں جب کہ گلیاں بھی سنسان نظر آئیں۔
بھارت سمیت ایشیا کے کئی ممالک شدید گرم موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کا یہ رجحان انسانی عوامل کے سبب مزید بدتر ہوتا جا رہا ہے۔
بھارت کی وسطی ریاست راجستھان میں گرمی کی شدید لہر میں پارا 50 ڈگری سے اوپر جا رہا ہے جہاں دو ماہ میں گرمی کے سبب چار اموات ہو چکی ہیں جب کہ ہیٹ اسٹروک کے سینکڑوں کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔