اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزاؤں کے خلاف اپیلیں بحال کردیں۔
نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلے میں بتایا جائےگا۔ نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونےکے بعد اب باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کی جائیں گی۔
سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی عدالت میں موجود رہے۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیس میں نیب نے سرنڈر نہیں کیا پراسیکیوٹر کی ذمہ داری ہے اگر شواہد ملزم کے حق میں ہوں تو بھی نہ چھپائے۔ نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں ہے، عدالت اپیلیں بحال کرتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا۔ہم نواز شریف کی گرفتاری بالکل نہیں چاہتے۔ زیادہ سے زیادہ عدالت نواز شریف سے نئے ضمانتی مچلکے طلب کر سکتی ہے۔