نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر سکیورٹی خطرات بڑھنے سے مؤثر جواب کی ضروریات بڑھ گئیں، پاکستان کو حق دفاع حاصل ہے اور اپنے لوگوں و سرزمین کے دفاع کے لیے جہاں سمجھیں گے ضرور ایکشن لیں گے۔
اپنے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھاکہ انتخابی عمل الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، نگران حکومت انتخابات میں التوا کیلئے کوئی جواز سامنے نہیں لائے گی اور امن و امان، سرحدی صورتحال کے باعث انتخابات میں تاخیرنہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت کا کام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرناہے جس کیلئے مکمل تیار ہیں، انتخابات سے متعلق قیاس آرائیاں ختم کرنا نگران حکومت کا کام نہیں، انتخابات کا انعقاد آئینی طور پر الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھاکہ یہ تاثردرست نہیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کوبذریعہ قانونی مقدمات سیاست سے باہر کیا جا رہا ہے، ان پر عائد مقدمات میں عدالتی عمل شفاف ہوگا۔