انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ ’کانگریس کے آئیکون سابق وزیراعظم جواہر لعل نہرو کا جموں اور کشمیر میں دفعہ 370 کو نافذ کرنا ایک غلطی تھی۔‘
امت شاہ نے متنازع قانون کو ختم کرنے اور کشمیر میں انڈیا کا پرچم بلند کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو سراہا۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے راجستھان جودھ پور میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ ’سابق وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے کشمیر میں آرٹیکل 370 نافذ کر کے ایک غلطی کی۔ نریندر مودی نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کو ختم کیا اور کشمیر میں ہندوستانی پرچم لہرایا۔‘
امت شاہ نے ایودھیا کے رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے پر انڈین وزیراعظم کی تعریف کی اور انہوں نے کانگریس پر رام مندر کے معاملے کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ ’70 برسوں سے کانگریس پارٹی رام جنم بھومی پر رام مندر کی تعمیر کے معاملے سے پیچھے ہٹ گئی لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے نہ صرف اس کا سنگ بنیاد رکھا بلکہ 22 جنوری کو ‘پران پرتیستھا’ بھی کیا۔‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے مسائل کے لیے جواہر لعل نہرو کو ذمہ دار ٹھہرایا ہو۔