روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ناقد نیدرلینڈز کے وزیراعظم نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔
نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ یکم اکتوبر کو نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔
رومانیہ کے صدر Klaus Iohannis نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے مقابلے سے دستبردار ہو رہے ہیں جس کے بعد اب مارک روٹ بلامقابلہ اس عہدے کے لیے منتخب ہوئے۔
مارک روٹ 2010 سے نیدرلینڈز کے وزیراعظم ہیں مگر وہ جلد یہ عہدہ چھوڑنے والے ہیں۔
مارک روٹ یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کے حامی ہیں اور اپنے ملک کی جانب سے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت کرتے رہے ہیں۔
ان کے امریکا اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔
57 سالہ مارک روٹ نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ نیٹو کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونا بہت بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹو کو طاقتور ہونا چاہیے۔
نیٹوکے موجودہ سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ تقریبا ایک دہائی تک عہدے پر برقرار رہے۔
انہوں نے مارک روٹ کے منتخب ہونے پر کہا کہ وہ ایک مضبوط رہنما ہیں۔
اسٹولٹن برگ نے کہا کہ وہ نیٹو کو اچھے ہاتھوں میں چھوڑ کرجارہے ہیں۔
روس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارک روٹ کی تقرری سے اتحاد کے مجموعی مؤقف میں تبدیلی کا امکان نہیں۔