امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ایک واقعے میں اسرائیلی سفارت خانے کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واقعہ واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل جیوئش میوزیم کے باہر پیش آیا۔
ایف آئی اے اور اٹارنی آفس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون اہلکار شامل ہیں۔
واشنگٹن پولیس کی سربراہ پامیلا اسمتھ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جو میوزیم کے باہر موجود تھا اور اس نے گرفتاری کے وقت ’فسلطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے لگائے۔
اسرائیلی ایمبیسی کے ایک ترجمان نائم کوہن کا کہنا ہے کہ ’دو اسٹاف ارکان کو کافی قریب سے گولیاں ماری گئیں جب وہ میوزیم میں ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے آ رہے تھے۔‘
ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری نوئم نے بھی تصدیق کی ہے کہ مرنے والے دونوں افراد اسرائیلی سفارت خانے سے منسلک تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’سام دشمنی کی بنیاد‘ پر قتل کے واقعے کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر لکھا کہ ’سام دشمنی پر مبنی ایسے خوفناک واقعات ختم ہونے چاہییں، نفرت اور بنیاد پرستی کے لیے امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘