امریکہ میں 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل واشنگٹن اور وینکوور میں نصب تین بیلٹ باکسز میں آگ لگنے سے سینکڑوں ووٹ ضائع ہوگئے۔
دونوں شہروں میں دو بیلٹ ڈراپ باکسز کو آتش گیر مادے کے ذریعے آگ لگائی گئی۔
بیلٹ باکسز کے اندر آگ بجھانے کے خودکار نظام کے بروقت کام نہ کرنے کے باعث باکسز میں موجود سینکڑوں ووٹ تباہ ہوگئے۔
واشنگٹن اور وینکوور میں بیلٹ ڈراپ باکسز میں آتشزدگی سے قبل بھی ایک بیلٹ باکس کو آگ لگادی گئی تھی تاہم بیلٹ باکس کے اندر موجود آگ بجھانے والے سسٹم کی بدولت اس میں موجود بیشتر ووٹ محفوظ رہے۔
ایک پریس کانفرنس میں حکام نے کہا کہ استعمال کیے گئے آتش گیر مادے سے لگتا ہے کہ دونوں واقعات کے درمیان مماثلت ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام نے ہفتے کے روز صبح 11 بجے کے بعد بیلٹ باکسز میں اپنا ووٹ ڈالنے والے شہریوں سے متبادل بیلٹ حاصل کرنے کیلئے متعلقہ دفتر سے رابطہ کرنے کی درخواست کردی ہے۔
واشنگٹن کے سیکرٹری آف اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کو متاثر کرنے والی کسی بھی دھمکی یا تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، اس دوران سامنے آنے والے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں امیدوار شدید مقابلے والی ریاستوں میں ایک دوسرے کے بالکل قریب ہیں۔
امریکہ میں لگ بھگ تین کروڑ 80 لاکھ افراد قبل از وقت ووٹ اور میل ووٹ کا استعمال کر چکے ہیں۔