آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان نے 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 48ویں اوورز میں 5 وکٹوں نقصان پر پورا کرلیا۔
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہم زدران نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنر زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ سکے اور 41 کے مجموعی اسکور پر اوپنز پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 26، نور احمد 32 اور عظمت اللہ 97 رنز بنا کر نمایاں رہے
جنوبی افریقا کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج اور لونگی نگیڈی نے 2،2 اور فیلوکوایو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹمبا باوما نے عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 64 کے اسکور پر پہلی وکٹ گرگئی، جب اوپنر ٹیمبا بیوما 28 گیندوں پر 23 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر رحمت اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹمبا باوما کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقا کو 66 رنز پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر کوئنٹن ڈی کوک تھے جنہوں نے 47 گیندوں پر 41 رنز بنائے، وہ محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس کے بعد وین ڈر ڈوسن اور ایڈن مارکرم کے درمیان تیسری وکٹ پر 50 رنز کی شراکت بنی، ٹیم کا اسکور 116 تک پہنچا تو ایڈن مارکرم 32 گیندوں پر 25 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری، جب ہینرک کلاسن نے 13 گیندوں پر 10 رنز بنائے، انہیں راشد خان نے بولڈ کیا۔
ڈیوڈ ملر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 182 رنز پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے، انہوں نے 33 گیندوں پر 24 رنز بنائے، محمد نبی نے اپنی ہی بال پر ان کا کیچ پکڑا۔
رسی وین ڈر ڈوسن کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے فیلوکوایو کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر 67 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
جنوبی افریقا کے ٹاپ اسکورر راسی وین ڈیر ڈوسن تھے جنہوں نے 95 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ فیلوکوایو 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔