جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کے قتل کی سازش کے الزام میں 6 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
وزیرِداخلہ ڈایوزڈاڈو کبیلو نے گرفتاریوں کا اعلان سرکاری ٹی وی پر ایک خصوصی بیان میں کیا۔
وزیرِداخلہ ڈایوزڈاڈو کبیلو نے بتایا کہ ملزمان میں میں تین امریکی، دو ہسپانوی اور ایک چیک باشندہ شامل ہے۔۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد کو صدر نکولس مدورو کے قتل کے مشن پر بھیجا گیا تھا۔
کبیلو نے بتایا کہ جن غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن میں امریکی نیوی کا ایک اہلکار ولبرٹ جوزف کاسٹانیڈا گومز بھی شامل ہے، وہ نیوی سیل ہے جو افغانستان، عراق اور کولمبیا میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
وزیرِداخلہ ڈایوزڈاڈو کبیلو نے کہا کہ امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے وینزویلا کے صدر کو قتل کرنے کے درپے ہے، انہوں نے ٹی وی پروگرام میں وہ ہتھیار بھی دکھائے جو مبینہ طور پر اِن غیر ملکی باشندوں سے ضبط کیے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی بحریہ کے سیل سمیت تین امریکیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم وینزویلا میں ہسپانوی سفارت خانے نے کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔