امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو ’انتہائی مفید‘ قرار دیا اور اعلان کیا کہ دونوں رہنما کینیڈین انتخابات کے بعد ملاقات کریں گے۔
کینیڈین وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ ’یہ ایک انتہائی مفید گفتگو تھی۔
انھوں نے بتایا کہ ہم بہت سے معاملات پر متفق ہیں اور کینیڈا کے آئندہ انتخابات کے فوراً بعد ملاقات کریں گے تاکہ سیاست، تجارت اور دیگر اہم امور پر کام کیا جاسکے‘۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت ’امریکہ اور کینیڈا دونوں کے لیے بہترین ثابت ہوگی‘۔
یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل ہی کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے کینیڈا کی معیشت کا امریکا پر انحصار کم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
خیال رہے کہ امریکہ اور کینیڈا طویل عرصے سے قریبی اتحادی اور تجارتی شراکت دار رہے ہیں تاہم حالیہ مہینوں میں ان ممالک کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا ہے۔
اس کی ایک بڑی وجہ ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹیرف کے اعلانات اور کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے سے متعلق بیانات سمجھے جا رہے ہیں