امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ہم منصب شی جن پنگ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کو اپنی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے
ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کی ترجمان کیرولن لیوٹ نے بتایا کہ یہ ابھی طے ہونا باقی ہے کہ چینی صدر ٹرمپ کی دعوت قبول کریں گے یا نہیں۔
ترجمان نے ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں مدعو کردہ دیگر عالمی رہنماؤں کے نام نہیں بتائے۔
عمومی طور پر غیر ملکی حکومتوں کے سربراہان کے بجائے واشنگٹن ڈی سی میں موجود ممالک کے سفرا امریکی انتقالِ اقتدار کی اس تقریب میں شریک ہوتے رہے ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے 1874 کے ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی رہنما نے امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
رمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کی ترجمان کے مطابق تقریبِ حلف برداری کے لیے دعوت نامے صدر ٹرمپ کی جانب سے اُن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ مکالمے کی فضا قائم کرنے کی ایک مثال ہے، جو نہ صرف ہمارے اتحادی ہیں بلکہ مخالف اور حریف بھی اس میں شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ ہر کسی سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور وہ ہمیشہ امریکہ کے مفادات کو مقدم رکھیں گے۔