وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی افغانستان میں موجودگی کے بیان پر افغان حکومت کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ترجمان امارت اسلامیہ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی رہنما کی افغانستان میں موجودگی کا پاکستان کا دعویٰ مستردکرتے ہیں، ہم کسی کو افغان سرزمین دوسرے ملکوں کے خلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں دیتے۔
ذبیح اللہ مجاہدکا مزید کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان میں جنگ نہیں چاہتا۔
خیال رہےکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا تھا کہ بشام میں چینی انجینئرز پرحملہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا، تمام شواہد موجود ہیں کہ بشام حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی، افغانستان دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ چلائے یا انہیں ہمارے حوالے کرے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، چینی شہریوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ حملہ کیا گیا، تمام شواہد موجود ہیں کہ بشام واقعہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا، ثبوت دیے جانے کے باوجود اب تک افغان حکومت نےکوئی جواب نہیں دیا۔