عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) نے براعظم اوشیاینیا میں واقع ملک پاپوا نیو گنی میں پولیو دوبارہ پھیلنے کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق پاپوا نیوگنی کو عالمی ادارہ صحت نے 2000 میں پولیو سے پاک قرار دے دیا تھا مگر بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کی شرح 50 فیصد سے بھی کم تھی۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا کہ پولیو وائرس پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورسبی اور دوسرے سب سے بڑے شہر لائی میں گندے پانی اور ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا ہے۔
پاپوا نیو گنی میں عالمی ادارۂ صحت کی نمائندہ سیول حسینوا کے مطابق جانچ میں لائی میں دو بچوں میں ٹائپ ٹو پولیو وائرس پایا گیا۔
سیول حسینوا کا کہنا تھا کہ بچوں میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کی تصدیق ’ پولیو کے پھیلاؤ کو ظاہرکرتی ہے۔’
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو پاپا نیواگنی میں پولیو کے پھیلاؤ پر گہری تشویش ہے، جینیاتی جانچ سے پتہ چلا کہ پاپوا نیو گنی میں پایا جانے والا پولیو اسٹرین کا تعلق انڈونیشیا میں گردش کرنے والے پولیو اسٹرین سے تھا۔
پاپوا نیو گنی کے وزیر صحت الیاس کاپا وورے نےاس بارے میں کہا کہ صورتحال سنگین ہے لیکن اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا ہم اس سے پہلے بھی پولیو سے نمٹ چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔ ویکسینیشن محفوظ اور موثر ہے، اور ہم بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تیزی سے کارروائی کر رہے ہیں۔