پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات آج کابل میں ہوئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں شرکت کرنے والے وفد میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شریک ہوئے۔
افغانستان نے پاکستان سے افغان شہریوں کی جبری بے دخلی پر ’گہرے تحفظات‘ کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ کابل پر پہنچنے پر اُن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
افغان وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ’پاکستان سے افغان مہاجرین کی جبری بے دخلی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا اور گہرے تحفظات ظاہر کیے۔‘
انہوں نے اسلام آباد پر زور دیا کہ وہ ’افغان شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔‘
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مظبوط کرنے کے لیے اعلٰی سطح پر تبادلوں کی اہمیت کے حوالے سے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے بھی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے سلامتی، تجارت، ٹرانزٹ میں تعاون اور عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔