امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بریفنگ میں بتایا کہ امریکہ پاکستان اور ایران پائپ لائن منصوبے کی حمایت نہیں کرتا۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ معاون وزیرِ خارجہ (ڈونلڈ لو ) نے گزشتہ ہفتے واضح کر دیا تھا کہ ہم پاک ایران گیس پائپ لائن کی حمایت نہیں کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نےکہا کہ “ہم ہمیشہ ہر ایک کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے وہ ہماری پابندیوں کے دائرے میں آنے کا خطرہ مول لے سکتے ہیں اس لیے ہم ہر کسی کو اس پر بہت احتیاط سے غور کرنے کا مشورہ دیں گے۔”
میتھیو ملر کا پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد کرنا ترجیح ہے اور ہم نے پاکستان میں تقریباً 4000 میگا واٹ صاف توانائی کی اضافی پیدوار میں مدد کی ہے۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہمارے منصوبوں نے ملک کی بجلی کی صلاحیت میں ڈرامائی طور پر اضافہ کیا ہے اور آج لاکھوں پاکستانیوں کے گھروں میں بجلی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے پاک زراعت اور قابل استعمال توانائی پر بھی کام کررہے ہیں۔