پاکستان میں سال 2024 کے دوران پولیو کا دوسرا کیس سامنے آگیا
پولیو کے حوالے سے حساس سمجھے جانے والے صوبہ بلوچستان سے تین سال بعد یکے بعد دیگرے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیو کا دوسرا کیس بھی بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں رپورٹ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق چمن کا رہائشی چار سالہ بچہ پولیو کے سبب معذور ہو گیا ہے ۔ گزشتہ ماہ 29 فروری کو بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 2024 کا پولیو کا پہلا کیس بلوچستان کے ہی علاقے ڈیرہ بگٹی میں گزشتہ روز رپورٹ ہوا تھا۔
بلوچستان میں آخری پولیو کا کیس تین سال قبل قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں ملک بھر کے 19 اضلاع سے اکٹھے کیے گئے 28 نمونوں اور دسمبر میں کوئٹہ اور خضدار سے اکٹھے کیے گئے 2 ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) پایا گیا تھا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق کوئٹہ اور کراچی ایسٹ کے سیوریج کے 4، 4، چمن، پشاور، کراچی ساؤتھ اور کراچی کیماڑی کے دو دو نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔
اس کے علاوہ 2 جنوری سے 16 جنوری کے درمیان کراچی کورنگی، کراچی سینٹرل، کراچی ملیر، جامشورو، سکھر، حیدرآباد، پشین، کیچ، نصیر آباد، ڈی جی خان، راولپنڈی اور لاہور سے جمع کیے گئے ایک ایک سیمپل میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ان کیسز کے ساتھ 2024 میں رپورٹ ہونے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 28 ہوگئی جب کہ 2023 میں 126 نمونے مثبت پائے گئے تھے۔
اس وقت دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں یہ وائرس موجود ہے۔