طیارے زمین پر آگئے
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی مسافر طیارے کو ٹرک پر لاد کر بذریعہ سڑک ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا جا رہا ہے۔
جمعرات کے روز نجی ٹرانسپورٹ کمپنی ایک ناکارہ طیارے کو کراچی سے حیدرآباد منتقل کررہی ہے۔
یہ ناکارہ طیارہ بوئنگ 737-300 ہے جسے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حیدرآباد کے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔
350 سیٹر بوئنگ 737 کراچی ایئرپورٹ کے یارڈ میں ناکارہ کھڑا تھا۔
طیارے کے انجن، پروں اور باڈی کو الگ کر کے 40 ویلر ٹریلر ٹرک پر لاد کر حیدر آباد سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا جائے گا جہاں اسے تربیتی مشقوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
دوسری جانب اگر شہر کے اندر ایک سے دوسرے مقام پر طیارے کی منتقلی کا ذکر کیا جائے تو ایسا ایک واقعہ کراچی اور لاہور میں ہوا تھا۔
ہسٹری آف پی آئی فورم کے مطابق 1986 میں پی آئی اے کے بوئنگ طیارے 720B کو بغیر کسی ٹرک پر لادے کراچی ایئرپورٹ سے گلشن اقبال میں واقع پی آئی اے کے پلینٹیریم تک منتقل کیا گیا تھا۔
ایسا ہی دوسرا واقعہ لاہور میں بھی پیش آیا تھا جب پی آئی اے کے طیارے کو لاہور ایئرپورٹ سے چوبورجی میں واقع پی آئی اے کے پلینٹیریم منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے اس سے قبل ایسے مناظر سعودی عرب میں بھی دیکھے گئے تھے جہاں السعودیہ کے تین بوئنگ طیاروں کو سڑک کے ذریعے جدہ سے ریاض پہنچایا گیا تھا۔