پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سویرا پرکاش نے بھی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
سویرا پرکاش پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑیں گی۔ 25 سالہ ڈاکٹر نے پی کے 25 بونیر اور صوبائی و قومی اقلیتی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے ہیں۔
ایم بی بی ایس کے بعد ہاؤس جاب سے فارغ ہوکرسویرا ان دنوں لاہور میں اکیڈمی جوائن کرکے سی ایس ایس کی تیاری کررہی ہیں۔
سویرا کے والد ڈاکٹر اوم پرکاش پی ڈی ایف کے سابق صدر اور پی پی رہنما تھے۔
سویرا بونیر سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
سال 2022 میں ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج سے گریجویٹ سویرا پرکاش بونیر میں پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین میں جنرل سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔
سویرا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علاقے کے غریبوں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے جمعہ 23 دسمبر کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی حالیہ ترامیم کے تحت اب جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین امیدواروں کی شمولیت لازمی ہے۔