تارکین وطن کی روانڈا بے دخلی کا منصوبہ برطانوی سپریم کورٹ نے غیرقانونی قرار دیدیا
برطانیہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے حکومت کی جانب سے تارکین وطن کو افریقی ملک روانڈا بھیجنے کے منصوبے کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
برطانوی سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ روانڈا کو محفوظ ملک تصور نہیں کیا جا سکتا تو وہاں تارکین وطن کو بھیجنا غیر قانونی ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ یہ فیصلہ نہیں جو ہم چاہتے تھے مگر اب اس حوالے سے دیگر اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے تمام تر امکانی صورتحال کی منصوبہ بندی کی ہے اور ہم کشتیوں کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اپریل 2022 میں برطانیہ اور روانڈا نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت برطانوی حکومت کشتیوں کے ذریعے آنے والے تارکین وطن کو مشرقی افریقی ملک بھیج سکتی تھی، جہاں ان کے سیاسی پناہ کی درخواستوں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جاتا۔
جن افراد کی درخواست قبول کرلی جاتی انہیں برطانیہ کی بجائے روانڈا میں رہنا پڑتا۔