افغان طالبان کی وزارتِ دفاع نے پاکستانی فورسز کے حملے کا جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ صوبہ پکتیکا میں پاکستان کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا ہے کہ پاکستان نے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے چار علاقوں میں کارروائی کی۔
ان کے بقول “مرنے والوں کی تعداد 46 ہے جس میں سے زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔”
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ کارروائی میں بچوں سمیت چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب طالبان کی وزارتِ دفاع نے منگل کو رات گئے جاری بیان میں فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ‘وحشیانہ’ اور ‘واضح جارحیت’ قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘امارات اسلامی’ اس گھناؤنے فعل کو نظر انداز نہیں کرے گی بلکہ وہ اپنی سرزمین اور خود مختاری کا دفاع کرنا اپنا حق سمجھتی ہے۔
طالبان حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں مقامی رہائشی اور وزیرستان سے سرحد پار کر کے افغانستان آنے والے افراد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی علاقے شمالی وزیرستان کی سرحد افغان صوبے پکتیکا سے ملتی ہے۔ یہ علاقہ طویل عرصے سے عسکریت پسندی کا گڑھ رہا ہے اور نائن الیون کے بعد یہاں امریکی ڈرون حملے اور پاکستانی فوج کی کارروائی طویل عرصے تک جاری رہی تھیں