چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں 184/3کے تحت دائر کی گئی اور یہ آئینی درخواست ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے دائر کی ہے
درخواست میں وفاق، صدر، وزرات داخلہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں، آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت خفیہ اداروں کو بغیر وارنٹ کسی بھی گھر میں گھس کر تلاشی لینے کا اختیار دینا غیر آئینی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ صدر مملکت سوشل میڈیا پر وضاحت کر چکے ہیں اور انہوں نے دونوں قوانین کی منظوری نہیں دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آفیشل سیکریٹ (ترمیمی) ایکٹ 2023 آئین کے آرٹیکل 8 سے متصادم ہے جس کے مطابق کوئی بھی قانون جوبنیادی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتا یا اس کی تنسیخ کرتا ہے اسے کالعدم قرار دیا جائے