چین میں میراتھن کے دوران مسلسل سگریٹ نوشی کرنے والے 52 سالہ چینی شہری پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔
مذکورہ شخص نے سات جنوری کو تین گھنٹے 33 منٹ میں سی اینڈ ڈی ژیامن میراتھن 2024 مکمل کی اور اس دوران وہ مسلسل سگریٹ پیتے رہے۔
اب ژیامن میراتھن کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ان کے دوڑ میں حصہ لینے پر دو سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے ان پر مزید جرمانے کے لیے چائنیز ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو رپورٹ کیا ہے۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اس نے ’دوڑ کی نگرانی، ریفری رپورٹس، ٹائمنگ چپ ڈیٹا، ریس کی ویڈیوز، تصاویر اور دیگر مواد‘ کی بنیاد پر چن کی تمباکو نوشی کی تصدیق کی۔ کمیٹی نے ایونٹ میں ان کے وقت اور درجہ بندی کو منسوخ کر دیا۔
کینیڈین رننگ میگزین کے مطابق وہ انکل چن کے نام سے مشہور ہیں اور انہوں نے چین میں ’اسموکنگ برادر‘ کا لقب حاصل رکھا ہے۔
میراتھن میں حصہ لیتے ہوئے چن کی سگریٹ نوشی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور انہیں میڈیا میں کافی کوریج ملی۔