پاکستانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں میں پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے کی انڈیا کی کسی بھی کوشش کے نتائج نسلوں پر محیط ہوں گے۔
افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعے کو عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ وہ وقت نہیں آئے گا، لیکن یہ ایسے اقدامات ہوں گے جو دنیا دیکھے گی اور ان کے نتائج سے ہم آنے والے برسوں اور دہائیوں تک لڑیں گے۔‘
’یہ کوئی پاگل ہے جو سوچ سکتا ہے کہ وہ اس ملک کے 24 کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روک سکتا ہے۔‘
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج پیشہ ور ہیں اور ہم ان وعدوں کی پاسداری کرتے ہیں جو ہم کرتے ہیں، اور ہم سیاسی حکومت کی ہدایات عمل کرتے ہیں۔‘
انہوں نے انڈیا کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے کہا کہ ’جہاں تک پاکستانی فوج کا تعلق ہے، یہ جنگ بندی آسانی سے برقرار رہے گی اور دونوں اطراف کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہم ردعمل دیتے ہیں، لیکن یہ صرف ان پوسٹوں اور ان مقامات پر ہوتا ہے جہاں سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔‘
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ ’حالیہ جنگ میں پاکستان نے انڈیا کے چھ طیارے گرائے’۔
انھوں نے کہا ‘میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ چھٹا میراج 2000 ہے۔ ہم نے صرف طیاروں کو نشانہ بنایا، ہم مزید طیارے گرا سکتے تھے، لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔‘
انڈیا نے گذشتہ مہینے اپنے زیرِانتظام کشمیر میں سیاحوں پر عسکریت پسندوں کے ایک خوفناک حملے کے بعد اس کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے یک طرفہ طور پر دہائیوں پرانے سندھ طاس معاہدے کو ختم کر دیاتھا۔