امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اُن کی صحت ’بہترین‘ ہے اور وہ صدارت کے فرائض کامیابی سے انجام دے سکتی ہیں۔
امریکی نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کاملا ہیرس کی میڈیکل ہسٹری اور ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے خط میں لکھا کہ 59 سالہ کاملا ہیرس ایک صحت مند اور فعال طرزِ زندگی رکھتی ہیں اور گزشتہ اپریل میں ان کی صحت میں کچھ بھی غیرمعمولی نہیں تھا۔
امریکی فوج کے کرنل اور نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز کے مطابق وہ ساڑھے تین برس سے کملا ہیرس کے ذاتی معالج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب صدر کو الرجیز جن میں سکن الرجی اور چھپاکی بھی شامل ہیں، کی شکایت رہی ہے جس کے لیے وہ تین برس سے الرجین امیونو تھراپی پر ہیں۔
ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے مزید بتایا کہ کملا ہیرس کے بلڈ ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹ نارمل ہیں۔
دو صفحات پر مشتمل خط میں کہا گیا ہے کہ وہ صدارتی عہدے کی ذمے داریاں کامیابی سے سر انجام دینے کے لیے درکار ذہنی اور جسمانی اہلیت رکھتی ہیں۔
کاملا ہیریس نے شمالی کیرولائنا کا سفر کرنے سے پہلے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’یہ بات میرے لیے بالکل واضح ہے کہ وہ (ڈونلڈ ٹرمپ) اور ان کی ٹیم نہیں چاہتی کہ امریکی عوام واقعی یہ دیکھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور یہ کہ کیا وہ صدر بننے کے لیے فٹ ہیں۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی تندرستی میں کمی آئی ہے؟
کملا ہیریس نے کہا کہ میں عوام کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ ان کی ریلیاں دیکھیں اور فیصلہ ساز بنیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان سٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے رضاکارانہ طور پر اپنے ذاتی معالج کی تازہ ترین معلومات کے ساتھ ساتھ میڈیکل ریپ رونی جیکسن کی تفصیلی رپورٹس جاری کی ہیں جو کانگریس میں منتخب ہونے سے پہلے وائٹ ہاؤس میں اُن کے معالج تھے۔
اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جن کی عمر 78 ہے، آئندہ ماہ منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ 2029 میں اپنی مدّتِ ملازمت ختم ہونے تک امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہوں گے۔