امریکی ایوان نمائندگان کانگریس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور امریکی صدر کامیابی کی باضابطہ توثیق کردی۔
نائب صدر کملا ہیرس نے اعلان کیا ہے کہ نومبر 2024 کے صدارتی انتخاب میں ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب رہے۔
ڈیموکریٹک امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیرس نے گزشتہ سال نومبر کے انتخابات کا نتیجہ مکمل ہونے کے بعد اپنی ہار کو تسلیم کر لیا تھا اورانہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی ان کا مقدس فریضہ اور ذمہ داری ہے۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات کا نتیجہ ایگزٹ پولز کی صورت میں عام طورپر اگلے روز ہی آجاتا ہے تاہم باضابطہ کامیابی کا اعلان کانگریس ہی کرتی ہے۔
اس توثیق کے بعد ٹرمپ اگلے دو ہفتوں میں اپنی آئندہ چار سالہ مدت کے لیے حلف اٹھائیں گے۔
اس سے قبل وہ 2016 کا الیکشن جیت کر صدر بنے تھے لیکن 2020 کے صدراتی انتخابات میں جو بائیڈن انہیں شکست دے کر چار سالہ مدت کے لیے وائٹ ہاؤس چلے گئے تھے۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہےکہ عوام کیپٹل ہل پر 6جنوری کو کیے گئے حملے کو کبھی فراموش نہ کریں۔
کانگریس سے سرکاری الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی انتخابی عمل کا ایک طریقہ کار ہے۔ لیکن 2021 میں جب کانگریس میں جو بائیڈن کی جیت کی توثیق جاری تھی، ایک ہجوم نے انتخابات میں گڑبڑ کا الزام لگاتے ہوئے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا جس کے باعث توثیق کا عمل کئی گھنٹوں تک معطل رہا۔
اس حملے میں تقریباً 2000 افراد نے حصہ لیا، جس سے کانگریس کی عمارت کے اندر دفاتر میں توڑ پھوڑ ہوئی اور 140 کے قریب پولیس اہل کار زخمی ہوئے تھے۔