امریکی سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے اسرائیلی امداد کی شدید مخالفت کر دی ہے ۔
ریاست ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بے پناہ طاقت کا استعمال اور غیرقانونی حملے ہو رہے ہیں اب بہت ہو گیا، امریکی ٹیکس دہندگان معصوم لوگوں پر حملوں میں حصہ دار نہیں بنیں گے
سینیٹر برنی سینڈرز کا کہنا ہے کہ کانگریس اسرائیل کے لیے 10 ارب ڈالرز امداد کی مزاحمت کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کوسمجھنا چاہیے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جنگ امریکی بموں، گولہ بارود اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ لڑی جا رہی ہے۔
برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکی ٹیکس دہندگان کو غزہ میں مزید خواتین بچوں اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام میں شریک جرم نہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل کو مزید 10 بلین ڈالر امداد دینا چاہتے ہیں تاہم، برنی سینڈرز نے ان کی اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس سے ایسی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ کیا ہے