امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف پیر کو سن 2016 کی انتخابی مہم میں کسی اسکینڈل سے بچنے کے لیے ایک پورن اسٹار کو رقم کی خفیہ طور پر ادائیگی کے مقدمے کی سماعت ہو رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں اور جرم ثابت ہونے پر اُنہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔
ٹرمپ رواں سال نومبر کے انتخابات میں ممکنہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ہیں اور اگلے ڈیڑھ ماہ کے دوران ہفتے میں چار دن ہونے والی اس عدالتی کارروائی کے دوران عدالت میں موجودگی کے پابند ہوں گے۔
سابق صدر عدالتی کارروائی کے دوران اپنے دفاع کے لیے گواہی دینے کے بھی مجاز ہوں گے، تاہم اس کا انحصار استغاثہ کے دلائل اور شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران ٹرمپ کا کمرۂ عدالت میں ہونا ضروری ہے جس سے لگتا ہے کہ 77 سالہ امیدوار اپنی انتخابی مہم سے کافی دیر تک دور رہیں گے۔
ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخاب سے قبل متوقع اسکینڈل سے بچنے کے لیے پورن اسٹار اسٹارمی ڈینئیلز کو خاموش رہنے کے لیے اپنے وکیل کے ذریعے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر رقم خفیہ طور پر فراہم کی تھی۔
ٹرمپ کے خلاف فردِ جرم میں میگزین ‘پلے بوائے’ کی ماڈل کیرن میک ڈوگل کا الزام بھی شامل ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ اُن کا ٹرمپ کے ساتھ مہینوں پر محیط تعلق تھا۔