آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے اور رویندرا کی شاندار سنچریوں کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں با آسانی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔
احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے ، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔