کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک ماہ سے زیادہ کی بارش چند گھنٹوں میں برس گئی۔
ٹورنٹو شہر میں 100 ملی میٹر بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، یونین ٹرین اسٹیشن میں بھی پانی بھر گیا اور شہر میں اس وقت سیلاب کی صورتحال ہے۔
شدید بارشوں کے بعد متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں اور کچھ پروازیں معطل کردی گئی ہیں جب کہ ٹورنٹو شہر میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد گھر بجلی کی سہولت سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو پیئرسن ائیرپورٹ کے علاقے میں 96 اور بلی بشپ ائیر پورٹ کے علاقے میں 82 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ٹورنٹو میں آج تک ایک دن میں جو سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی وہ سال 2013 میں پیئرسن ائیرپورٹ کے علاقے میں ہوئی تھی جو تقریباً 126 ملی میٹر تھی۔