امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تجارتی جنگ کے خدشے کے درمیان کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ “انتہائی نتیجہ خیز” ملاقات میں انہوں نے سرحد، تجارت اور توانائی کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا۔
ٹروڈو نے جمعہ کی شام فلوریڈا کا غیر اعلانیہ دورہ کیا اور ٹرمپ کے ساتھ ان کی مار-ا-لاگو رہائش گاہ پر عشائیے میں شرکت کی۔
ریپبلکن ٹرمپ نے جنوری میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کینیڈا اور میکسیکو کی درآمدات پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کا عہد کیا جس کے چند دن بعد یہ ملاقات ہوئی۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا ہم نے کئی اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جن سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہو گی مثلاً فینٹینیل اور منشیات کا بحران جس نے غیر قانونی ترکِ وطن کے نتیجے میں کئی زندگیاں تباہ کر دی ہیں، منصفانہ تجارتی سودے جو امریکی کارکنوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور امریکہ کا کینیڈا کے ساتھ بہت زیادہ تجارتی خسارہ۔
انہوں نے مزید کہا ٹروڈو نے امریکی خاندانوں کی اس خوفناک تباہی کو ختم کرنے کے لیے ہمارے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا ہے۔”
ٹروڈو نے ہفتے کے روز ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے لکھا، “گذشتہ رات کے کھانے کے لیے شکریہ، صدر ٹرمپ۔ میں اس کام کا منتظر ہوں جو ہم مل کر دوبارہ کر سکتے ہیںَ۔