دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے شہرہ آفاق بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے 31 سالہ معروف گلوکار لیئم پین ارجنٹائن میں بیونس آئرس کے ہوٹل کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوگئے۔
ارجنٹائن کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں ہوٹل میں بلا کر مطلع کیا گیا کہ ایک شخص منشیات اور شراب کے نشے میں دھت ہے۔
پولیس بیان کے مطابق ہوٹل کے منیجر نے بتایا کہ انہوں نے ہوٹل کے پیچھے سے ایک زوردار آواز سنی، جب پولیس پہنچی تو دیکھا کہ ایک شخص اپنے کمرے کی بالکونی سے گرگیا ہے۔
ایمرجنسی اہلکاروں نے ون ڈائریکشن بینڈ کے سابق معروف گلوکار کی موت کی تصدیق کردی۔
بیونس آئرس کی وزارت سیکیورٹی سے حاصل ہونے والی ایک آڈیو کے مطابق پولیس کو ہوٹل کے ایک ملازم کی کال موصول ہوئی تھی، جس میں نشے میں دھت مہمان کی فوری مدد کی درخواست کی گئی تھی۔
ملازم نے کہا تھا کہ جب وہ ہوش میں آتے ہیں تو وہ پورے کمرے میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں، چونکہ کمرے میں ایک بالکونی ہیں، اس لیے مہمان کی زندگی خطرے میں ہیں، کسی کو فوری بھیجیں۔
ادھر، جمع ہونے والے مداح اور تماشائی ایک دوسرے کو گلے لگا کر رو رہے تھے۔
ارجنٹائن کے مقامی اخبار ’کلیرن‘ نے لیئم پین کے کمرے کے اندرونی حصے کی تصاویر شائع کی ہیں، جن میں ایلومینیم فوائل کے ایک ٹکڑے اور لائٹر کے ساتھ میز پر سفید پاؤڈر اور ٹوٹی ہوئی اسکرین والا ٹیلی ویژن نظر آرہا ہے۔
لیئم پین نے 2 اکتوبر کو اپنے سابق بینڈ میٹ نیل ہوران کے بیونس آئرس کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔
’فار یو‘ کے گلوکار نے ہیری اسٹائلز، زین ملک، نیل ہورن اور لوئس ٹاملنسن کے ساتھ پاپ بینڈ ون ڈائریکشن کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کی، ون ڈائریکشن کو 2024 میں انٹرٹینمنٹ ویکلی کی جانب سے تیسرا بہترین بوائے بینڈ قرار دیا گیا تھا، اس گروپ نے درجنوں بڑے ایوارڈز جیتے اور دنیا بھر میں تقریباً 70 ملین ریکارڈ فروخت کرتے ہوئے وہ اب تک کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے بوائے بینڈز میں سے ایک بن گیا۔