ہاتھیوں کی تصویر لینے کا شوق ہسپانوی سیاح کو موت کے منہ میں لے گیا۔
ہسپانوی سیاح اپنی چھٹیاں منانے جنوبی افریقا کے Pilanesberg نیشنل پارک گیا جہاں سیاح نے اپنی گاڑی کو ہاتھیوں کے جھنڈ کے قریب لے جا کر تصویر لینے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق 43 سالہ سیاح گیم ریزرو میں پرائیویٹ گاڑی میں گیا تھا جس کے ہمراہ اس کی منگیتر اور دیگر دو خواتین بھی موجود تھیں۔
صوبے کے سیاحتی بورڈ نے بتایا کہ سیاح نے ہاتھیوں کے ساتھ ان کے تین بچوں کو دیکھا، تصویر لینے کا خواہشمند سیاح اپنی گاڑی کو ان کے قریب لے گیا جس پر اس کے ساتھیوں کی جانب سے خبردار بھی کیا گیا لیکن وہ بازنہ آیا۔
سیاحتی بورڈ کے مطابق جھنڈ میں موجود ایک نر ہاتھی مشتعل ہوگیا اور اس نے حملہ کردیا جس کو دیکھتے ہوئے دیگر ہاتھیوں نے بھی سیاح کو روند دیا۔
Pilanesberg گیم ریزرو جنوبی افریقا کا چوتھا بڑا پارک ہے جسے 7 ہزار جنگلی جانوروں کا گھر سمجھا جاتا ہے اور جنہیں دیکھنے کیلئے سیاح بڑی تعداد میں رخ کرتے ہیں۔