ہندوراس میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ساحل سے کچھ دور سمندر میں گر گیا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاسیبا جانے والے طیارے نے روٹن کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور چند منٹ بعد اس کا توازن بگڑ گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ہندوراس کی فضائی کمپنی لینہسا کے طیارے میں 14 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔
ان کے مطابق طیارے کا ملبہ ساحل سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں ملا، جس میں سے 10 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔
مسافروں کی فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ان میں ایک امریکی اور ایک فرانسیسی شہری کے علاوہ دو بچے بھی شامل ہیں۔
روٹن کے محکمہ فائر بریگیڈ کے سربراہ فرینکلن بورجاس نے سات ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس وقت بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مشہور موسیقار اوریلیو مرٹینز بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
فرینکلن بورجاس نے یہ بھی بتایا کہ خراب صورت حال کی وجہ سے ریسکیو آپریشن پیچیدہ بنا۔
ان کے مطابق ’جائے حادثہ تک رسائی مشکل تھی کیونکہ وہاں 30 میٹر تک چٹانیں ہیں اور آپ چل کر یا تیر کر وہاں تک نہیں جا سکتے، اس وجہ سے امدادی سرگرمیاں تاخیر کا شکار ہوئیں۔