امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو غزہ میں حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے کافی کچھ نہیں کر رہے ہیں۔
جب صدر بائیڈن سے صحافیوں نے پوچھا کہ آیا ان کے خیال میں نیتن یاہو یرغمالوں کی رہائی کے لیے معاہدہ کرنے کے لیے کافی کچھ کر رہے ہیں تو ان کا جواب تھا، ’نہیں‘۔
امریکی صدر نے کہا کہ مصالحت کار جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے حتمی تجاویز اسرائیل اور حماس کو پیش کرنے کے بہت قریب ہیں۔
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا پیش کی جانے والی حتمی تجویز قبول کر لی جائے گی تو ان کا کہنا تھا کہ ’امید پر دنیا قائم ہے‘۔
وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ بائیڈن اور ہیرس معاہدے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے پیر کو یرغمالوں کے معاہدے کی امریکی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی میں کئی مہینوں سے جاری مذاکرات، مئی میں معاہدے سے متعلق بائیڈن کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز پر اتفاق کرنے میں ابھی تک ناکام رہے ہیں۔