یونانی کوسٹ گارڈز کو ایک چھوٹے اور ویران جزیرے پر دو خواتین کی لاشیں اور 39 پناہ گزین زندہ حالت میں ملے ہیں جن کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔
پناہ گزین ترکیہ سے یونان جارہے تھے اور ممکنہ طور پر کشتی حادثے کے بعد جزیرے پر پہنچے۔
یونانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی کشتی بھی نہ مل سکی۔ جب کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں.
فارماکونیسی جزیرہ ترکیہ کے ساحل سے تقربیا 8 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
کوسٹ گارڈ حکام نے بتایا کہ یونانی حکام کو مطلع کیا گیا تھا کہ تارکین وطن ترکی کے ساحل سے صرف 9.7 کلومیٹر دور جزیرے پر آج کے اوائل میں پہنچ چکے ہیں۔
کوسٹ گارڈ حکام نے کہا کہ وہ ابھی بھی ممکنہ جہاز کے ملبے سے بچ جانے والے دیگر افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بچائے گئے افراد کو قریبی جزیرے لیروس منتقل کر دیا گیا۔
یونان مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا سے آنے والے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے ایک مشترکہ داخلی مقام ہے جہاں سے وہ یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔