برطانیہ نے یوکرین کے لیے ایک نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں ڈرونز، اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، ریڈار سسٹمز اور فوجی گاڑیوں کی مرمت شامل ہے۔ یہ پیکج یوکرین کو روسی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اس پیکج میں کل £350 ملین برطانیہ کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے.
اضافی فنڈنگ ناروے کی مدد سے یوکے کی قیادت میں چلنے والے International Fund for Ukraine کے ذریعے مہیا کی جائے گی۔
اس امدادی منصوبے میں £160 ملین فوجی گاڑیوں اور سازوسامان کی مرمت اور بحالی پر خرچ کیے جائیں گے، جو پہلے ہی یوکرین کو دی جا چکی ہیں۔
مزید £250 ملین کی رقم “قریبی محاذ” پر استعمال ہونے والی ضروریات جیسے کہ ریڈار سسٹمز، اینٹی ٹینک مائنز اور لاکھوں ڈرونز کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔
برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا کہ، “ہم امن کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، اس لیے آج کا یہ بڑا پیکج یوکرین کی محاذ پر لڑنے والی فورسز کو فوری سہولت فراہم کرے گا۔ 2025 یوکرین کے لیے فیصلہ کن سال ہے۔ ہمارا کام ہے کہ ہم ان جنگجوؤں کے ہاتھ میں وہ چیزیں دیں جن کی انہیں ضرورت ہے۔”
یہ فنڈ اس سے قبل یوکرین کے لیے کیے گئے کئی فوجی وعدوں کے تسلسل کا حصہ ہے۔
گزشتہ ماہ، برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے یوکرین کے لیے £1.6 بلین کے میزائل معاہدے اور £2.2 بلین کے اضافی قرض کا اعلان کیا تھا، جو منجمد روسی اثاثوں سے حاصل منافع سے فراہم کیا جائے گا۔