یوکرین کی مسلح افواج نے دعوٰی کیا ہے کہ روس کا ’سیزر کونیکوف‘ نامی بڑا بحری جنگی جہاز کریمیا کے ساحل پر ڈوب گیا ہے۔
یوکرین کے انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے اس حملے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کے بارے میں ان کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماگورا V5 سمندری ڈرون بحری جہاز پر حملہ کر رہے ہیں۔
یوکرین کے مطابق عملے کے 87 ارکان کو بچانے کا آپریشن ’ناکام‘ رہا اور زیادہ تر مارے گئے۔‘
یوکرین کے مرکزی انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے ٹیلی گرام میسجنگ سائٹ پر کہا کہ ’سیزر کونیکوف کی ایک جانب شگاف پڑ گیا تھا اور وہ ڈوبنے لگا تھا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ اسے گروپ 13 نامی یونٹ نے یوکرین کے ساحلی شہر الوپکا کے قریب تباہ کیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال کیے گئے بغیر پائلٹ کے مارگورا V5 ڈرون یوکرین ساختہ ہیں۔ انھیں بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سطح سمندر سے بالکل اوپر 42 ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتے ہیں۔
روس کی بحریہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا ان کا جنگی بحری جہاز اس حملے کے بعد ڈوب گیا ہے یا نہیں۔ اںھوں نے محض یہ بیان جاری کیا ہے کہ یوکرین کے چھ ڈرون تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ۔