بصیرو فائی جو محض20 دن پہلے تک جیل میں قید تھے انہوں نے اب سینیگال کے صدر کا حلف اٹھالیا ہے۔
بصیرو فائی سینیگال کی تاریخ کے کم عمر ترین صدر ہیں اور انہوں نے محض 44 سال کی عمر میں صدار تی منصب سنبھالا ہے۔
صدر کا حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے خطاب کرتے ہوئے سینیگال کے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری دینےکا اعلان کیا جو اس وقت بڑی تعداد میں بیروزگاری کا شکار ہیں۔
فائی نے کہا کہ وہ سینیگال کی سالمیت، قومی اتحاد اور افریقا کے اتحاد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
بصیرو فائی صدارتی الیکشن سے محض 10 دن قبل تک جیل میں قید تھے اور انہیں الیکشن سے صرف 10 دن قبل جیل سے رہا کیا گیا۔ فائی اپریل 2023 سے جھوٹی خبروں اور توہین عدالت سمیت متعد الزامات کی وجہ سے جیل میں قید تھے جہاں انہوں نے 11 ماہ گزارے۔
فائی ایک ٹیکس کلکٹر تھے مگر صدارتی الیکشن سے قبل سینیگال کے اپوزیشن لیڈر عثمانی سنوکو الزامات کی وجہ سے الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے، جس کے بعد سنوکو نے صدارتی الیکشن میں بصیرو فائی کی حمایت کا اعلان کیا اور انہیں امیدوار نامزد کردیا۔
بصیرو فائی ایوان صدر میں دو بیوں کے ساتھ داخل ہوں گے اور پہلی بار ملک میں دو خواتین اول ہو ں گی۔
انتخابی مہم کے اختتامی لمحات میں سینیگال کے نومنتخب صدر بسیرو دیومائے فائی اپنی دونوں بیویوں میری اور ابسا کا ہاتھ تھامے اسٹیج پر آئے تھے۔
پہلی بیوی میری کھونے، جو اب تک کبھی سرخیوں میں نہیں آئی تھیں، اسی گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں جہاں 44 سالہ فائی مقیم تھے ۔ ان کی شادی 15 سال پہلے ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔
انہوں نے اپنی دوسری بیوی ابسا سے صرف ایک سال قبل شادی کی تھی۔
نئے صدر کی دو بیویوں کیساتھ تصویر پر ان کے ہزاروں حامیوں نےخوشی کا اظہار کیا ہے