پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ عوام نے 5 سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اب آگےکوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں، 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے۔
مٹھی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لیے نتائج بنوا رہے ہیں ان کو جواب عوام دیں گے، جنہوں نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے ان کو تو عوام رد کریں گے
بلاول کا کہنا تھا کہ ابھی تو انتخابی مہم شروع بھی نہیں کی اور مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنادیا، عوام 8 فروری کو بھی اسی جذبے سے نکلے تو پھر عوام اور پیپلز پارٹی کی جیت ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے، ہمارے دوست اگر سمجھتے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کی نقل کرکے الیکشن لڑسکتے ہیں تو عوام 8 فروری کو ان کو جواب دیں گے، زرداری کی محنت سے چند ماہ کے لیے ان کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اس دفعہ زرداری کی محنت سے وزیراعظم بھی جیالا اور وزیراعلیٰ بھی جیالا ہوگا۔