سعودی وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کے لیے نئی سہولتیں متعارف کرانے کا بیان جاری کر دیا۔
سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق نے کہا کہ زائرین کو مکہ اورمدینہ میں نکاح کی سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ، ’بعض زائرین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھوائیں، خدمات فراہم کرنے والے ادارے یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔
سعودی وزیر کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ نکاح کے لیے نجی فوٹو گرافرکا بندوبست بھی کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج اور عمرہ زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے تحت انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے 2 ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔
منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کیلئے ترغیبات کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین کو ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دیا جائے گا،جس کے تحت سب سے اچھے منصوبے پر 10 لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر 5 لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔
سعودی وزیرِحج و عمرہ نے کہا کہ ، ’ضیوف الرحمن پروگرام کے نمایاں ترین اہداف میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے سفر زیارت کو یادگاربنانا شامل ہے یہ پروگرام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 پروگراموں میں سے ایک ہے۔‘