پاکستان کے افغان سرحدسے متصل علاقے شمالی وزیرستان میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چھ دہشتگردوں پر مشتمل ایک گروپ نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی چوکی سے ٹکرائی اور اس کے بعد متعدد خودکش حملے کیے ، حملوں سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، خودکش حملوں کے دوران پانچ فوجی جوان مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش ناکام بنا دی، کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے تمام 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا
شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر جام جان سے گئے۔
ہلاک 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی اور 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد بھی شامل ہیں۔