روسی دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں جمعے کو ایک کنسرٹ ہال پر حملے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 145 زخمی ہوئے ہیں۔
کیموفلاج وردیاں پہنے 4 حملہ آوروں نے ماسکو کے شمالی کراسنوگورسک علاقے کے کروکس سٹی کنسرٹ ہال میں داخل ہو کر فائرنگ اور دھماکے کئے۔
دھماکوں سےکنسرٹ ہال میں آگ لگ گئی اور ہال کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں لوگ دب گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے آگ لگانے والے بم استعمال کیے جس کے نتیجے میں آگ تیزی سے پھیل گئی۔ حملے کے وقت ایک کنسرٹ شروع ہونے والا تھا اور چھ ہزار افراد موقع پر موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش اور’ دہشت گردی‘ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
روسی قومی سلامتی کے نائب چیئرمین دیمتری میدرویف نے خون کا بدلہ خون سے لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے تمام ذمہ داروں کو بے رحمی سے ختم کریں گے۔
دوسری جانب داعش نے ماسکو کے مسلح حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے
داعش نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا کہ ’داعش کے جنگجوؤں نے روسی دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں ایک بڑے اجتماع پر حملہ کیا ہے۔
داعش کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ’حملہ آور بحفاظت اپنے مبینہ ٹھکانوں کی طرف واپس آ گئے۔‘