غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے اندر تیسری اجتماعی قبر سے 49 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
برآمد ہونے والی یہ اجتماعی قبر الشفا اسپتال کے اندر سے تیسری اور غزہ کے اسپتالوں سے ملنے والی ساتویں اجتماعی قبر ہے۔
یہ لاشیں اس وقت برآمد ہوئی ہیں جب اسرائیل نے بدھ کے روز قاہرہ اور دوحہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات کے درمیان رفح پر شدید بمباری کی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا اسپتال سے برآمد تیسری اجتماعی قبر کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیاگیا۔
سوشل میڈیا فوٹیج کے مطابق الشفا اسپتال میں کم از کم ایک درجن لاشیں سیاہ پلاسٹک کے تھیلوں میں لپٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، اسپتال کے کھنڈرات کے سامنے کھڑے الشفا میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ معتصم صلاح نے کہا کہ کئی لاشیں بہت پرانی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اسپتال سے دو اجتماعی قبریں آمد ہوئی تھیں جس میں 30 کے قریب لاشوں کو دفن کیا گیا تھا۔
غزہ میڈیا آفس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں غزہ کے 3 مختلف ہسپتالوں سے ملنے والی ’7 اجتماعی قبروں‘ سے اب تک 520 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔