سری لنکا کے نائب وزیر دفاع پرمیتھا ٹیناکون نے بتایا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں سری لنکا سے آئے کم از کم 16 کرائے کے فوجی اور کارکن مارے گئے ہیں۔
سری لنکا کے ہمسایہ ممالک انڈیا اور نیپال کے فوجیوں نے بھی اس جنگ میں حصہ لینے کے لیے گزشتہ سال دستخط کیے تھے اور اس لڑائی میں دونوں ملکوں کے متعدد باشندے مارے جانے کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔
نائب وزیر دفاع پرمیتھا ٹیناکون نے بتایا کہ سری لنکا نے روس یوکرین جنگ میں اپنے شہریوں کی بھرتی پر گذشتہ ہفتے انکوائری شروع کی جس میں 288 ریٹائرڈ فوجیوں کی شرکت کی نشاندہی ہوئی ہے۔
کولمبو میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پرمیتھا ٹیناکون نے کہا کہ ہم نے ایسی معلومات کی تصدیق کی ہے جس میں 16 سری لنکن کے مارے جانے کی خبر ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ افراد جنگ میں کس طرف سے شامل تھے۔
دوسری جانب سری لنکن حکمران جماعت کے نمائندے گامنی والیبوڈا نے پارلیمنٹ کو گذشتہ روز پیر کو بتایا تھا کہ زیادہ تر سری لنکن کو روسی فوج کے ساتھ مل کر لڑنے کے لیے بھرتی کیا گیا تھا۔
گامنی ولیبوڈا نے مزید کہا کہ جو لوگ اس جنگ میں شامل ہوئے انہیں زیادہ تنخواہوں کے وعدوں کا لالچ دیا گیا اور جھوٹ کہا گیا کہ انہیں غیر جنگی کام کرنے کے لیے بھرتی کیا جا رہا ہے۔
نائب وزیر دفاع نے بتایا ہے کہ سری لنکن افراد کی بھرتی کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کا کاروبار بھی کیا جا رہا ہے، انہوں نے فوجی افسران پر زور دیا کہ اس مہم کا حصہ نہ بنیں۔