ایران میں صدر کے چناؤ کیلئے قبل ازوقت انتخابات آج ہورہے ہیں
صدارتی انتخاب کے لیے چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔
ایرانی صدر کے انتخاب کے لیے ایران کی شوریٰ نگہبان نے صرف 6 امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی تھی تاہم دو امیدوار امیر حسین غازی زادہ ہاشمی اور علی رضا زاکانی آخری وقت پر مقابلے کی دوڑ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
اب صدارتی انتخابات کیلئے 4 امیدواروں سعید جلیلی، محمد باقر قالیباف، مسعود پزیشکیان، مصطفیٰ پور محمدی کے درمیان مقابلہ ہوگا، اسلامی جمہوریہ ایران میں خواتین کو صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہے۔
ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوگیا ، 6 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد ووٹنگ کے اہل ہیں۔
صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا, کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات 2025 میں ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد اس عہدے کے لیے آج ایرانی عوام ووٹ ڈالیں گے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جمعے کو ہونے والے الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔