امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس میں ملوث نہیں ہے۔
سنگاپور میں ایک ٹی وی انٹرویو میں بلنکن کا کہنا تھا کہ “ہم اس بارے میں نہیں جانتے تھے اور نہ ہی ہم اس میں ملوث ہیں، اس معاملے میں قیاس آرائیاں کرنا بہت مشکل ہے۔”
اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت سے جنگ پر اس کے ممکنہ اثرات پر بلنکن کا کہنا تھا کہ “میں نے کئی برسوں کے دوران یہ سیکھا ہے کہ کسی واقعے کے اثرات کے بارے میں قیاس آرائی نہیں کرنی چاہیے۔”
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی اہم ہے، کشیدگی کو کم کرنے کا بہترین طریقہ جنگ بندی ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔
اسماعیل ہانیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران گئے تھے۔